پاکستان
21 جون ، 2016

ملک کے بیشترعلاقوں میں بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

ملک کے بیشترعلاقوں میں بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

 


ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں نے پھرگرمی کا زور توڑدیا جبکہ کئی اضلاع اب بھی بارانِ رحمت کے منتظر ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے تین سے چار روز کے دوران متعدد شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔


موسم کیا بدلا ، رُت ہی بدل گئی۔ پنجاب میں برستی بارش نے موسم کوسہانا بنادیا جس پرلوگوں نےخدا کا شکر ادا کیا۔ پنجاب میں گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا اور منڈی بہاؤالدین میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے کئی دنوں سے جاری گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔


مانسہرہ شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد موسم کافی بہتر ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے شہری بارش کوترس گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی مقامات پر موسم جزوی طورپر ابرآلود ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ہزارہ، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :