21 جون ، 2016
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کو اغوا کرنے والوں نے سندھ ہائی کورٹ سے ان کا تعاقب کیا،سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغوا کاروں کو فوارہ چوک سے اویس شاہ کی گاڑی کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، دیگر سی سی ٹی وی ویڈیوز میں اغوا کے بعد ملزمان کی گاڑی آخری بار ٹیپو سلطان روڈ پر دیکھی گئی۔
جیونیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں اویس شاہ کی گاڑی کو ہائی کورٹ سے نکلتے دیکھا جاسکتا ہے، اویس شاہ کی گاڑی 2بجکر 8منٹ پر سندھ ہائی کورٹ سے نکلی۔
2بجکر 9منٹ پر پاسپورٹ آفس کے پاس اور2بجکر 10منٹ پر فوارہ چوک پہنچی جہاں سے اغواء کاروں کو اویس شاہ کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
2 بجکر 14 منٹ پر اویس شاہ اور اغواَء کاروں کی گاڑی گیسٹ ہاؤس روڈ پر نظر آرہی ہے جبکہ 2بجکر 20 منٹ پر اویس شاہ سپر اسٹور پر ادائیگی کے بعد باہر نکلتے نظر آرہے ہیں۔
فوٹیج میں اغواء کاروں کی گاڑی پر ایس پی 0586 کی نمبر پلیٹ نظر دیکھی جاسکتی ہے،جیو نیوز کو موصول مزید سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغواء کاروں کی گاڑی شارع فیصل پر بلوچ کالونی پل کے قریب اور پھر ٹیپو سلطان روڈ پر دیکھی جاسکتی ہے۔