11 جون ، 2012
بنوں … چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ دوست محمد خان نے کہا ہے کہ 3 نومبر کو اعلیٰ عدلیہ سے ٹکرانے والا ڈکٹیٹر آج پوری دنیا میں رہنے کی جگہ ڈھونڈتا پھر رہا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ دوست محمد خان نے بنوں جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح اور ہائی کورٹ بینچ بنوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کرنے والے لوگ ہیں اور ہمارے لئے تمام ادارے قابل احترام ہیں، جج صاحبان کسی بھی سفارش کی پرواہ کئے بغیر اپنا کام قانون اور آئین کے مطابق کریں، آج ہمارے وکلا کا نام امریکا کے چیف جسٹس اور وہاں کے جج صاحبان بھی لے رہے ہیں اور مثال دیتے ہیں کہ کس طرح انہوں نے تحریک چلا کر جوڈیشری کو بحال کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 24 جون تک تمام لاپتہ افراد کی فہرستیں ہائی کورٹ پشاور کو مہیا کردی جائیں گی، لواحقین عدالت پر بھروسہ رکھیں۔