11 جون ، 2012
اسلام آباد … سیاچن پر 2 روزہ پاک بھارت سیکریٹریز دفاع مذاکرات کا پہلا دور راولپنڈی میں ختم ہوگیا، ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ سیاچن سے افواج کو واپس بلا لیا جائے۔ سیاچن پر دوطرفہ مذاکرات کا یہ 13 واں دور ہے۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے کی جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز اور وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔ نو رکنی بھارتی وفد کی قیادت بھارتی سیکریٹری دفاع ششی کانت شرما نے کی۔ وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت پر سیاچن سے فوجوں کی واپسی پر زور دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج چاہتی ہے کہ فوجوں کا انخلا ء علاقے کے موجودہ کنٹرول کو برقرار رکھ کر کیا جائے جبکہ پاکستان کا موٴقف ہے کہ انخلا 1984ء والی پوزیشن کے مطابق ہونا چاہئے۔ سانحہ گیاری کے بعد سیاچن پر یہ پہلے پاک، بھارت مذاکرات ہیں۔ سانحہ گیاری کے بعد پاکستان کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی سیاچن سے فوجوں کے انخلا کی حمایت میں بیان دیا تھا، تاہم بھارت کی فوجی اور سیاسی قیادت نے اس پر کسی پیشرفت کا عندیہ نہیں دیا۔ 2 روزہ مذاکرات کے اختتام پر کل( منگل کو) وزارت دفاع سے مشترکا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ بھارتی سیکریٹری دفاع کی قیادت میں وفد نے آج وزارت دفاع میں پاکستان کے نئے وزیر دفاع نوید قمر سے بھی ملاقات کی۔