25 جون ، 2016
عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کے قتل کی تفتیش کے لیے پولیس نے امجد صابری ساتھ کار میں سوار سلیم چندا کو تحویل میں لے لیا۔
سلیم چندا امجد صابری پر حملے کے وقت کار میں موجود تھا،سلیم چندا فائرنگ کے وقت چہرے پر شیشے کے ٹکرے لگنے سے زخمی ہوا تھا۔
اس سے قبل آج پولیس نے امجد صابری کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک ملزم کو کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے حراست میں لیا ہے،پولیس کے مطابق ملزمان نے امجد صابری کو نشانہ بنانے سے قبل کئی روز تک ان کی ریکی کی۔
چار روز بعد پولیس نے امجد صابری قتل کیس میں کارروائی کی ہے،کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے سرجانی ٹاؤن میں خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کر واردات میں مبینہ طور پر ملزم کو حراست میں لیا جس کا سیاسی جماعت سے تعلق بتایا جاتا ہے،ملزم سے تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔
تفتیشی حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ واردات سے قبل ملزمان نے کئی روز تک امجد صابری کی ریکی کی، امجد صابری زیادہ تر اسی راستے کا استعمال کیا کرتے تھے۔
تفتیشی احکام اب تک دس سے زائد عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کر چکے ہیں، اس بات پر بھی غور کیا جارہا ہے کہ واردات کے وقت ملزمان کے ساتھ ان کے اور کتنے ساتھی موجود تھے۔