28 جون ، 2016
بینکوں میں رقم کی قلت پوری کرنے کی خاطر اسٹیٹ بینک نے 81 ارب روپے جاری کر دیئے۔ آئندہ آنے والے 2ہفتے کے دوران بینکوں کی9روز کی ممکنہ تعطیل کے سبب عوام نے عید کی شاپنگ اور عیدی کے لئے بینکوں سے دھڑا دھڑ پیسے نکلوانا شروع کردیئے ہیں۔
دوسری جانب 30 جون سے قبل ٹیکس ادائیگیوں کے غرض سے بھی بینکوں سے پیسے نکل رہے ہیں۔ ایسے وقت میں بینکوں کو رقم کی قلت کاسامنا تھا، جس کے باعث اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کے لئے فوری طور پر 81 ارب روپے کی رقم جاری کر دی ہے۔
دریں اثناءکمرشل بینک عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بینکاری خدمات کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنائیں۔ اس ضمن میں بینک دولت پاکستان نے عوام کی بینکاری ضروریات کا ادراک کرتے ہوئے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بینکاری خدمات کی موثر فراہمی کے لیے ذیل میں دیے گئے اقدامات کیے ہیں۔
کمرشل بینکوں کی تمام شاخیں 2 اور 9 جولائی بروز ہفتہ کو کھلی رہیں گی۔ کمرشل بینک 24 گھنٹے اے ٹی ایم خدمات کی باقاعدگی سے دستیابی یقینی بنائیں گے۔
اے ٹی ایمز پر نقد رقومات کی دستیابی اور جلد فراہمی کے لیے بینک متعلقہ اے ٹی ایم فیڈنگ برانچوں پر کرنسی کے اسٹاک کے لیے مناسب انتظامات کریں گے۔
کمرشل بینک اے ٹی ایمز کی خرابی یا کرنسی نوٹوں کی قلت سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے فوکل پرسن کے رابطہ نمبر وں سے عوام کو آگاہ کریں گے۔اسٹیٹ بینک ہمیشہ عوام کو بینکاری خدمات کی موثر فراہمی کے لیے کوشاں رہا ہے۔