پاکستان
12 جون ، 2012

پاک بھارت سیکریٹری دفاع مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

پاک بھارت سیکریٹری دفاع مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

اسلام آباد… پاک بھارت سیکریٹری دفاع مذاکرات میں پاکستان نے سیاہ چن سے پاک بھارت فوجوں کے اکھٹے انخلاء کی تجویز پیش کر دی ہے، جبکہ بھارت حد بندی کے اپنے موقف پر قائم ہے۔ پاکستان نے تجویز دی ہے کہ سیاچن پر مذاکرات مستقل بنیادوں پر کیے جائیں،جبکہ سیاچن میں انسانی کارروائیوں کے باعث ماحولیاتی آلودگی کے معاملے کو بھی اٹھایا گیا ہے۔ راولپنڈی میں سیاچن پر پاکستان اور بھارت کے سیکریٹری دفاع کے مذاکرات ہوئے۔ بھارتی سیکریٹری دفاع ششی کانت شرما اور ان کی پاکستانی ہم منصب نرگس سیٹھی نے اپنے اپنے وفود کی سربراہی کی۔ مذاکرات کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاچن کے مسئلے کے حل کے لئے سنجیدہ ، پائیدار اور نتیجہ خیز بات چیت کی جائے گی، جبکہ مذاکرات جاری رکھنے پربھی اتفاق کیا گیا ہے۔ مذاکرات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستانی سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے بتایا کہ بھارتی ہم منصب سے کہا ہے کہ سیاچن سے فوجوں کے انخلاء کو علاقے کی حد بندی سے لنک نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے سامنے سیاچن میں انسانی سرگرمیوں سے گلیشئیرز اور ماحول کو شدید نقصان پہنچنے کا معاملہ رکھا ہے۔مزید تجویز کیا ہے کہ سیاچن پر مذاکرات سالانہ کی بجائے مستقل بنیادوں پر کیے جائیں۔ اس کے جواب میں بھارتی سیکریٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان نے نئے معاملات اٹھائیں ہیں جن کا ان کے پاس فوری کوئی جواب نہیں، لیکن وہ ان تجاویز کو بھارتی اعلی حکام کے سامنے پیش کریں گے۔ اس سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں بھارتی سیکریٹری دفاع ششی کانت شرما نے کہا کہ سیاچن پرمذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔سیاچن پرآئندہ پاک بھارت مذاکرات نئی دہلی میں ہونگے۔

مزید خبریں :