09 جولائی ، 2016
مون سون بارشوں کا سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں میں موجودہے، اسلام آباد، خیبر پختون خوا اور پنجاب کے اکثر مقامات پر آج بھی بارش کا امکان ہے، کراچی میں بعض علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا، اگلے ہفتہ مون سون کی بارشیں شدت کے ساتھ ہوں گی ۔
مون سون کی بارشوں کا نظام ملک کے اکثر مقامات پر موجود ہے ،کہیں ابر کرم برس رہا ہے،کہیں بادلوں کی ٹولیاں برسنے کی تیاری میں ہیں،کہیں ہوا کے جھکڑ چل رہے ہیں تو کہیں برسات کے موسم کا حبس لوگوں کے لئے امتحان کا باعث ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز بھی اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن لاہور سمیت پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا ، فاٹا اور کشمیر میںکہیںکہیں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں چندمقامات پر موسلادھار بارش آندھی اور تیز ہوائوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کہتا ہے کہ آج کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر رات اور صبح کے وقت کہیں بوندا باندی اورکہیں ہلکی بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں صبح سے بادلوں کا ڈیرہ ہے جو کسی وقت بھی گرج اور برس سکتے ہیں ۔
مری ایوبیہ سمیت گلیات میں تیز بارش کے ساتھ موسم انتہائی خوشگوار رہے گا، کاغان، ناران اور سوات سمیت شمالی علاقہ جات میں بھی بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔