10 جولائی ، 2016
پاکستان اور سسیکس کی ٹیموں کی درمیان سائیڈ میچ میں عبدالستار ایدھی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی ،پاکستانی ٹیم نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سسیکس کا ئونٹی کے خلاف سہ روزہ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر71رنز بناکر مجموعی طور پر143رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔اس طرح میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔
اوپنر محمد حفیظ 23رنز بناکر آ وٹ ہوئے، کھیل کے اختتام پر شان مسعود38اور اظہر علی 9رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے پہلی اننگز کے 363 رنز کے جواب میں سسیکس کاؤنٹی کے اوپنروں نے ڈبل سنچری شراکت قائم کی۔ اور پانچ وکٹ پر 291رنز بناکر کر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی ۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔جس کے جواب میں انگلش کاؤنٹی کے اوپنرز نے کسی پاکستانی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں دو سو رنز بنائے۔ویلز اور فنچ نے 212 رنز کی شراکت قائم کی۔ فنچ نےسنچری103رنز بنائے، سسیکس کی جانب سے ویلز 93 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، سالٹ نے 37رنز اسکور کئے۔
پاکستان کی جانب سے عمران خان نے60اور وہاب ریاض نے 62رنز بناکر دو، دو وکٹ لی، ذوالفقار بابر نے 66رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آ وٹ کیا۔
قبل ازیں پاکستان نے اپنے پہلے روز کے اسکور پر اننگز ختم کردی،اپنی اننگز کے دوران یونس خان اور اظہر علی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بالترتیب اپنے 16 ہزار اور آٹھ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
پاکستان کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ اس دورے میں ان کے اہم بلےباز اظہر علی، یونس خان اور اسد شفیق فارم میں نظر آ رہے ہیں۔اس بات کا پاکستان کو 14 جولائی کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فائدہ ہو سکتا ہے۔