12 جون ، 2012
لاہور…گرمی کی شدت بڑھتے ہی لاہور میں ملک شیک کی فروخت بھی عروج پر پہنچ جاتی ہے ، ایسے میں ملاوٹ کرنے والے گرمی کے مارے لوگوں کی مجبوری سے خوب فائد اٹھاتے ہیں۔ملک شیک میں دودھ کی بجائے کچھ اورہی ڈال دیا جاتا ہے۔جیو نیوز کی نمائندہ ام فروا کے مطابق قلعہ گجر سنگھ میں واقع ایک ملک شیک کی دکان میں دکاندار ملک شیک بنانے کیلئے بظاہر تمام ضروری لوازمات شیک میں شامل کرتا ہے تاکہ گرمی سے نڈھا ل افراد اسے پی کر لطف اندوز ہوں ، دیکھنے میں تو یہ جوس بالکل صحیح لگتا ہے تاہم جب اس دکان میں جھانکا گیا تو ایک بالٹی میں کپڑوں کو لگائی جانے والی کلف اور پرانی چینی کے تھیلے پائے گئے،دکاندار کا کہنا تھا کہ یہ چیزیں ویسے ہی پڑی ہیں وہ تو ڈبے کادودھ کا استعمال کرتا ہے دکان پر کلف اوردیگرجعلی اشیاء کے انکشاف پر دکاندار اپنے ڈی فریزر کو لاک کرکے فرار ہوگیا ، جب یہ معاملہ مقامی تاجررہنما کے نوٹس میں لایا گیا تو اْن کا کہناتھاکہ اس جوس فروش کی کبھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ،جیو نیوز کی ٹیم نے دودھ کا سیمپل فوڈ لیب میں ٹیسٹ کروایا ،تو لیب انچارج کا کہنا تھاکہ اس میں دودھ نام کی کوئی چیزنہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جوس اورملک شیک کے نام پر انہیں نا جانے کیا کیا زہرپلایا جارہا ہے ،چندٹکوں کی خاطر دکاندار لوگوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں لیکن سرکاری ادار ے سب کچھ جانتے ہوئے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔