17 جولائی ، 2016
پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز کے تاریخی میدان میں پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 75رنز سے ہراکر 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میںایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے نہایت شاندار بولنگ کی اور 4 وکٹیں اپنے نام کی، اسطرح اس میچ میں انھوں نے دونوں اننگز10 وکٹیں حاصل کیں۔یاسر شاہ کے علاوہ راحت علی نے3، محمد عامر نے 2 جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ لی۔
انگلش ٹیم 76اوورز میں 207بناکر آئوٹ ہوگئی ۔چائے کے وقفے کے بعد بریسٹو48 اور ووکس23کی بیٹنگ کے باعث پاکستانی کیمپ میں کچھ پریشانی ہویدا تھی، مگر اس موقع پر یاسر شاہ نےدونوں سیٹ بیٹسمینوں کو پویلین روانہ کرکے صورتحال میں اچانک ڈرامائی تبدیلی کردی۔ جسکے بعد بقیہ انگلش جم کر نہ کھیل سکے اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے ۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان الیسٹر کک 19، الیکس16،جوروٹ9، جیمز ونس42 ،گیری بیلنس43،معین علی 2 ،براڈ ایک اور جیک بال 3 رنز بناسکےجبکہ فن4 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو میچ کی دونوں اننگز میں شاندار بالنگ کرنے پر مرد میدان کے اعزاز سے نواز گیا ۔انہوں نے انگلینڈ کے 10بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
واضح رہے کہ یہ 1996 کے بعد پاکستان کی اس گرائونڈ میں پہلی کامیابی ہے،قومی ٹیم نے آخری بار 1996 میں اس میدان پر انگلش ٹیم کو ہرایا تھا۔