13 جون ، 2012
کولمبو… پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریزکا تیسرا ون ڈے آج پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبومیں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی غلطیاں نہ دہرانے کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ سیریز1-1سے برابر ہے۔ انگوٹھے میں انجری کی وجہ سے دوسرا ون ڈے نہ کھیلنے والے فاسٹ بولرمحمد سمیع کی میچ میں شرکت کے امکانات روشن ہیں، آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی بخار اور پیٹ کی تکلیف سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا نے پاکستان کے خلاف اگلے تینوں ون ڈے میچزکے لیے اسپنر رنگانا ہیراتھ کوآرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہیراتھ گھٹنے کا آپریشن کرانے کے بعد ٹیم میں واپس آئے تھے تاہم انہیں اگلے میچز میں آرام دیتے ہوئے متبادل کھلاڑی کے طور پر سجیوا ویراکون کو شامل کرلیا گیا ہے۔ سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ہیراتھ کوآپریشن کے بعد دوبارہ ردھم میں لانے کے لیے انہیں کچھ میچز کھلائے گئے تاہم اب انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مکمل فٹ ہوسکیں۔