13 جون ، 2012
واشنگٹن …امریکی خلائی تحقیق کے ادارہ ناسا نے مریخ پر بھیجی گئی کیوروسٹی نامی خلائی روبوٹ گاڑی کے سیارے پر اترنے کے لیے مخصوص مقام کی نشاندہی کر لی ۔برطانوی ریڈیو کے مطابق اس سے پہلے یہ مقام ایک وسیع تر دائرہ تھا جس میں سے ایک مخصوص مقام کا تعین کیا گیا ہے۔ نو سو کلوگرام وزنی یہ روبوٹ گاڑی چھ اگست کو مریخ کے استوائی علاقے میں گیل کریٹر نامی مقام پر اتاری جائے گی۔ناسا کا کہنا ہے کہ وہ اس روبوٹ گاڑی کو عین اسی مقام پر اتارنے میں کامیاب ہو جائیں گے کیونکہ اس پر ایک انتہائی پیچیدہ لینڈنگ نظام نصب ہے۔یہ نظام روبوٹ گاڑی کے مریخ کی فضا میں داخل ہونے کے انتہائی تیز رفتار مرحلے میں تھرسٹرز کا استعمال کرے گا۔ ماضی میں لینڈنگ سسٹمز میں تھرسٹر موجود نہیں تھے۔ روبوٹ کے سطح پر اترنے کے آخری مراحل میں ایک بڑے پیراشوٹ اور راکٹ کی مدد سے چلنے والے کریڈل کا استعمال کیا جائے گا۔ سائنسدانوں کو توقع ہے کہ کیوروسٹی روبوٹ گاڑی کو اس مقام پر پتھروں کی تہیں ملیں گی۔ ان مختلف تہوں سے مریخ کے ماضی کے ماحولیاتی حالات کا اندازہ لگایا جا سکے گا جن سے اس سوال کو حل کرنے میں مدد ملے گی کہ کیا اربوں سال پہلے مریخ پر زندگی کے آثار تھے یا نہیں۔