پاکستان
28 جولائی ، 2016

پنجاب میں 715بچوں کا اغوا ،بلاول بھٹو کا اظہارِ تشویش

پنجاب میں 715بچوں کا اغوا ،بلاول بھٹو کا اظہارِ تشویش

 


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں گذشتہ ماہ کے دوران715بچوں کے اغوا اوربڑی تعداد میں قوم کے ان بچوں کی قسمت کا کوئی علم نہ ہونے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے۔


ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان بدقسمت اور معصوم بچوں کے اعداد شمار سن کر ایک آدمی کے ذہن میں خوفناک تصویر کشی سامنے آتی ہے، نواز حکومت کی جانب سے اس انسانی سانحے پر خاموشی اور کوئی قدم نہ اٹھانے پر ان کی مذمت کرنی چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس ناک اور المناک رپورٹ ہے کہ صرف لاہور کے بادامی باغ سے روزانہ 3بچے اغوا ہو تے ہیں لیکن صوبائی حکومت معاملے کو دبانے کے لیے ان بچوں کے والدین پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ اپنے ان بچوں کو گمشدہ قرار دیں۔


بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ رپورٹ کے مطابق مغوی بچوں میں سے اکثریت کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے، اس لیے یہ مزید باعث تشویش بات ہے کہ کہیں ان بچوں کو دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال نہ کیا جائے یا ان کو برین واش کرکے خودکش بمبارنہ بنایا جائے۔


پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان رپورٹس نے پارٹی کو چونکا دیا ہے اور پارٹی اس خوفناک معاملے کو تمام فورمز پر اٹھائے گی، کیونکہ پیپلزپارٹی بچوں کو قوم کا مستقبل سمجھتی ہے اور تمام خطرات سے ان کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی ذمے داری ہے۔

مزید خبریں :