31 جولائی ، 2016
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی ملازمین اور مسلح افواج کے ارکان کو دیے جانے والے پلاٹوں کی 3 سال کے اندر اندر فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس آدھا ہو گا جبکہ شہدا کے لواحقین کو کیپٹل گین ٹیکس سے استثنا حاصل ہوگا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جائیداد پر کیپٹل گین ٹیکس سے رواں مالی سال کے دوران ساٹھ سے 70 ارب روپے کی رقم حاصل ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی ملازمین اور مسلح افواج کے ارکان کو دیے جانے والے پلاٹ اگر 3 سال کے اندر اندر فروخت کر دیے گئے تو ان پر کیپٹل گین ٹیکس عام کیپٹل گین ٹیکس سے آدھا ہوگا۔
اسحاق ڈقار نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو کوئی کیپٹل گین ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ ڈی ایچ اے پر یہ ٹیکس کم نہیں کیا جا رہا، ڈی ایچ اے میں 90 فیصد کاروبار ویسے بھی سویلین کرتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کیپٹل گین ٹیکس سے رواں مالی سال کے دوران حکومت کو 60 سے 70 ارب روپے کی رقم حاصل ہو گی۔