14 جون ، 2012
نئی دہلی… بھارت میں ایک بھینس کی عدالت میں طلبی ہوئی ۔برطانوی ریڈیوکے مطابق چوری کے ایک مقدمے کی مرکزی کردار ایک بھینس اس وقت انتہائی توجہ کی حقدار بن گئی ہے جب اس کا مقدمہ راجستھان کی ایک عدالت میں زیرِ سماعت آیا۔ گذشتہ برس ایک گوالے ہیرا لال گجر نے کوٹا شہر میں بھینس چوری کا مقدمہ درج کروایا۔ بعدازں پولیس نے یہ جانور بازیاب کروا کے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کر لیا۔ #عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران جج نے ہیرا لال سے کہا کہ وہ اس بھینس کو شناخت کے لیے عدالت میں پیش کرے۔اس بھینس کو عدالت کے باہر رسّی کی مدد سے ایک درخت کے ساتھ باندھا گیا۔ وکیل صفائی اور استغاثہ دونوں نے وہاں جاکر جانور کی شناخت کی۔ ہیرا لال نے بتایا کہ جس طرح مجھے ہدایت کی گئی اس کے مطابق میں بھینس کو عدالت لے گیا۔ وکیل صفائی میگراج سنگھ شی کاوت نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ جانور کو عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا یہ وہی بھینس ہے یا نہیں۔ وکلاء کی جانب سے جانور کے معائنے کے اس انوکھے منظر کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد عدالت میں اکھٹی ہو گئی۔ ہیرا لال کے بیٹے کا کہنا تھا کہ اتنے لوگوں کی موجودگی میں بھینس بے چین ہو گئی تھی۔ یہ مقدمہ جولائی کے آخر تک زیر سماعت رہے گا۔ تاہم اب بھینس کو عدالت میں دوبارہ پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔