04 اگست ، 2016
ملتان میں انسدادڈینگی کی ٹیم پر مقامی زمیندار کے کتے نے حملہ کر دیا، کتے کے حملے سے خوف زدہ ہو کر گرنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی، ڈی سی او ملتان نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ملتان کے ہائی کورٹ چوک پر واقع مقامی زمیندار فضل گردیزی کے گھر انسدادڈینگی کی دو خواتین اور ایک مرد پر مشتمل ٹیم سروے کے لئے گئی تو گھر میں موجود پالتو کتے نے خواتین پر حملہ کر دیا ۔
اس دوران کتے کے خوف سے خواتین بھاگیں تو ایک خاتون نادیہ چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئی ۔
انسداسڈینگی ٹیم کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ گھر کے مالکان کی جانب سے ان پر کتا چھوڑا گیا کیونکہ ان کے گھر سے ڈینگی کا لاروا برآمد کیا گیا تھا ،جبکہ دوسری جانب گھر مالکان کا کہنا ہے کہ برقعہ پوش خواتین کو دیکھ کر کتے نے ان پر حملہ کیا جسے بروقت کنٹرول کرلیا گیا ۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گھر کو سیل کیا جائے گا۔