06 اگست ، 2016
انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 5وکٹ کے نقصان پر 414رنز بنالئے ہیں،اس طرح اسے پاکستان پر 311رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔
برمنگھم میں جاری ٹیسٹ میچ میں پاکستان جس نے پہلی اننگز میں 400رنز بناکر انگلش ٹیم پر 103رنز کی برتری حاصل کی تھی ،کے جواب میں انگلش ٹیم نے گزشتہ روز کے اختتام تک بنا کسی نقصان کے 120رنز بنائے تھے، کپتان السٹر کک اور ایلکس ہیلزکی پہلی وکٹ کی شراکت 126رنز تک محدود رہی ،انگلینڈ کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی السٹر کک تھے ،جو66رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ تھما بیٹھے ۔
126کے اسکور پر ہی دوسرے اوپنر ہیلز محمد عامر کا شکار بنے ،انہوں نے 54رنز بنائے،انگلش ٹیم کی تیسری وکٹ 221رنز پر گری جب یاسر شاہ کی گیند پر 62رنز بنانے والے جو روٹ پویلین لوٹ گئے۔
میزبان ٹیم کے آئوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی وینس تھے جو257کے مجموعی اسکور پر 42رنز بناکر محمد عامر کا دوسرا شکار بنے ،282کے اسکور پر گیری بیلنس صرف 28رنز بناکر یاسر شاہ کی بال پر اسد شفیق کےہاتھو ں کیچ آئوٹ ہوئے۔
کھیل کے اختتام پر بیرسٹو 82اور معین علی 60رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،دونوں کھلاڑیوں نے اسکور میں 132ناقابل شکست رنز کا اضافہ کیا ۔گرین شرٹس کی طرف سے محمد عامر اور یاسر شاہ نے بالترتیب 73اور 152رنز دے کر 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ پہلی اننگز میں 5وکٹ لینے والے سہیل خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی ۔