12 اگست ، 2016
سندھ کے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر علی میندھرونے سکھر ،گھوٹکی،خیرپور،ہالا اور گمبٹ میں اسپتالوں کادورہ کیا اس موقع پر انہوں نےکہا کہ مریضوں کو سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکند ر میندھرو نے غلام محمد مہر میڈیکل کالج کے ٹیچنگ اسپتال سول اسپتال کا دورہ کیا ، صوبائی وزیر صحت کی گاڑی جیسے ہی اسپتال میں داخل ہوئی تو لوگوں نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شکایتوں کے انبار لگادیئے، مریضوں کے ورثا کا کہنا تھاکہ اسپتال میں طبی سہولیات کے حوالے سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
تعلقہ اسپتال گھوٹکی کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا سندھ کے اسپتالوں میں جن سہولیات کی کمی ہے اسے پورا کیا جائے گا جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے جو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ان کا جائزہ لینے کے لیے وہ اسپتالوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ مریضوں کو حکومت سندھ کی فراہم کردہ دوائی اور دیگر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام میڈیکل افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مریضوں کو بازار کی دوائی نہ لکھ کر دیں کیوں کہ حکومت سندھ تمام اسپتالوں کو بہترین ادویات فراہم کر رہی ہےخیرپور سے بیور رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر صحت سکندر مندھرو نے اچانک سول اسپتال خیرپور کا دورہ کیا ڈاکٹروں کو مریضوں کو مطلوبہ سہولیات اور سرکاری دوائیں مفت دینے کا حکم دیا اسپتال کے دورے کے دوران بعض مریضوں نے صوبائی وزیر کو شکایات دیں کہ ان کو سرکاری دوائیں اور مطلوبہ سہولیات نہیں مل رہیں جبکہ اسپتال میں صفائی کا انتظام بھی بہتر نہیں ہے۔
مریضوں کی شکایات سن کر صوبائی وزیر سکندر مندھرو نے سخت برہمی اور ناراضی کا اظہار کیا اور مریضوں کو مطلوبہ سہولیات اور سرکاری دوائیں مفت دینے کا حکم دیا اور واضح کیا کہ مریضوں کو مفت سرکاری دوائیں نہ ملنے کی شکایت ان کے پاس دوبارہ نہ آئے صوبائی وزیر نے اسپتال میں صفائی کا انتظام بھی بہتر کرنے کی ہدایات دیں ۔