12 جنوری ، 2012
ماسکو…مریخ پر بھیجی جانے والی روسی خلائی گاڑی کا ملبہ ہفتے کی شب بحر ہند میں گرے گا۔ روس کی خلائی ایجنسی ” روس کسموس“ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں مریخ پر خلائی تحقیقاتی مشن کی غرض سے13.2 ٹن وزنی خلائی گاڑی فوبس گراؤنڈ روانہ کی گئی تھی لیکن 9 نومبر کو زمینی مدار کے گرد خلائی گاڑی گم ہوگئی۔ روس اور یورپی خلائی ایجنسیوں کے انجینئروں نے گمشدہ خلائی گاڑی کو ہدف کی طرف لانے کی بہت کوششیں کیں لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ روس کسموس کا کہنا ہے کہ 170 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی خلائی گاڑی کا ملبہ ہفتہ اور اتوار کی شب بحر ہند میں گرنے کا امکان ہے۔ 13.2 میٹرک ٹن وزنی خلائی گاڑی میں گیارہ میٹرک ٹن زہریلا ایندھن بھی موجود ہے۔ خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ زمین کی جانب سفر کے دوران متعلقہ ایندھن جل جائے گا جس سے زمین پر تابکاری کا کوئی خطرہ نہیں۔