20 اگست ، 2016
پاکستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کی نظریں انگلینڈ کے خلاف مشکل سیریز سے قبل آئر لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش پر مرکوز ہیں۔
پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں میزبان ٹیم کا تاریخ کی سب سے بڑی شکست دینے کے بعد پاکستان ہفتے کو دوسراون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہا ہے۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ پہلے ون ڈے کی جیت نے ہمارے حوصلوں کو بلند کیا اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ دوسرا ون ڈے بھی جیتنا چاہتے ہیں۔
ورلڈ کپ میں براہ راست انٹری کے لئے ہر میچ میں کامیابی حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ ہفتے کویہاں ڈبلن میں سرد موسم اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
پاکستان نے پہلے میچ میں حسن علی اور محمد نواز کو ون ڈے کیپ دی تھی۔ نواز نے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری بنادی ۔ پاکستان نے آئرلینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 255 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر کئی انفرادی اور ٹیم ریکارڈز اپنے نام کرلئے۔
تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل کی 16 ماہ کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے پانچ اوورز میں23رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ ٹیم انتظامیہ عمر گل کی کارکردگی سے خوش ہے۔
مکی آرتھر کہتے ہیں کہ نئی گیند کے ساتھ عمر گل کی تین وکٹوں نے ہماری جیت کو آسان کردیا تھا۔