20 اگست ، 2016
مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 2 کشمیریوں کو گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق گرفتاریوں کے خلاف کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران بھارتی فوج کے تشدد سے 30 کشمیری مظاہرین زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیا، کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کو بھی ایندھن اور دیگر اشیاء کی سپلائی نہیں کریں گے۔
ہڑتال میں آئل ٹینکر، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز اور ٹرک ڈرائیورز اینڈ کنڈکٹر یونین شامل ہیں، پہلی بار وادی میں سیکیورٹی فورسزکو بھی ایندھن اور دیگراشیا کی ترسیل روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہڑتال میں سیکیورٹی اداروں سمیت جموں کشمیر، لداخ اور سیاچن میں ایندھن کی سپلائی اور کھانے پینے اور دیگر سامان کی ترسیل بھی نہیں کی جائے گی، ٹرانسپورٹ آرگنائزیشنز کے مطابق تحفظ کی فراہمی تک ہڑتال جاری رہے گی۔