پاکستان
02 ستمبر ، 2016

وزیر اعلیٰ کی کراچی انٹر بورڈ کو نتائج جاری کرنے کی اجازت

وزیر اعلیٰ کی کراچی انٹر بورڈ کو نتائج جاری کرنے کی اجازت

وزیر اعلیٰ سندھ نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کو انٹر کے نتائج جاری کرنے کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد امکان ہے کہ آئندہ چار سے پانچ روز میں انٹر سال دوئم کے نتائج کا اجرا شروع ہوجائے گا اور پہلا نتیجہ پری میڈیکل کا ہوگا۔

بورڈ کے چیئرمین اختر غوری نے وزیر اعلیٰ سندھ سے نتائج جاری کرنے کی تحریری اجازت مانگی تھی جس کے جواب میں وزیر اعلیٰ ہائوس کے بورڈ کے سیکشن افسر اے فتح شیخ کی جانب سے بورڈ کو پالیسی کے مطابق نتائج جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خط میں محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے روکی کی گئیں جوابی کاپیوں کے نتائج کے لئے اینٹی کرپشن سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ جواب میں بورڈ کے چیئرمین اختر غوری نے انٹر پری میڈیکل پارٹ ٹو کے نتائج کے لئے چیئرمین اینٹی کرپشن سے رجوع کرلیا ہے اور انہیں بورڈ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے انٹر بورڈ میں نتائج کے اجرا سے قبل چھاپہ مار کر نتائج میں مبینہ رد و بدل کے الزام میں کچھ جوابی کاپیاں قبضے میں لے کر ایک ملازم کو گرفتار کرلیا تھا جس پروزیراعلیٰ سندھ نے نتائج روکنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

مزید خبریں :