کھیل
07 ستمبر ، 2016

آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنانے میں کامیاب

آسٹریلیا نے سری لنکا کےخلاف ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑے مجموعے کا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے پہلا میچ 85 رنز سے جیت لیا۔ بین الاقوامی کرکٹ کے اس ریکارڈ توڑ سیزن میں کینگرو آل رائونڈر گلین میکس ویل نے ماردھاڑ سے بھرپور باری کھیل کر ہوم ٹیم کے ہوش اڑا دیے۔

انہوں نے صرف 65 گیندوں پر نا قابلِ شکست 145 رنز بنائے۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں پر 263 رنز بنائے۔ اس سے قبل سری لنکا نے 2007 میں کینیا کے خلاف 260 رنز بنا کر ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم کے دیگرنمایاں بلے بازوں میں سے ٹریوس ہیڈ نے 45، عثمان خواجہ نے 36 اور کپتان ڈیوڈ وارنر نے 28 رنز بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے سینانائیکے، پریرا اور پاتھی رانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 178 رنز بناسکی۔ دنیش چندیمل 58 اور کاپوگیدیرا 43 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔

ریٹائرمنٹ کی جانب بڑھنے والے اوپننگ بیٹسمین دلشان صرف چار رنز ہی ٹیم کی نذر کرسکے۔ فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جبکہ جیمز فالکنر، موئسز ہینرکس اور ایڈم زامپا نے ایک ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ صرف آٹھ روز پہلے انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 444 رنز بنا کر ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انگلینڈ نے بھی سری لنکا کا قائم کیا ہوا ریکارڈ توڑا تھا۔

 

مزید خبریں :