12 جنوری ، 2012
تہران…ایران نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے ملک میں ایٹمی سائنسدانوں کی ہلاکت کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے۔ تہران میں سرکاری ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے نائب صدر محمد رضارحیمی نے کہا ہے کہ جوہری سائنسدنوں کو بم دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنانے کے واقعات ایران کے ایٹمی پروگرام میں پیش رفت کو نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر محمد خزائی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ناصر عبدالعزیز کے نام خطوط میں مطالبہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل ایٹمی سائنسدانوں کے قتل کی مذمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس ایٹمی سائنسدانوں کے قتل میں ملوث بیرونی عوامل کے شواہد موجود ہیں اوراس نوعیت کی دہشت گردی کے واقعات کا مقصد ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا ہے۔ واضح رہے کہ ایران میں ایک روز قبل ایٹمی سائنسدان مصطفیٰ احمد روشن کو بم دھماکے میں ہلاک کیا گیا تھا وہ ایران میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چوتھے سائنسدان ہیں۔ دوسری جانب ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں امریکہ اور اسرائیل ملوث ہیں۔