پاکستان
10 ستمبر ، 2016

کراچی میں شارع فیصل پر نئی فورس تعینات

کراچی میں شارع فیصل پر نئی فورس تعینات

 

کراچی کی اہم ترین شارع فیصل پرعوام کو ٹریفک جام سے بچانے اوربند گاڑی کوہٹانے کے لیے شارع فیصل فورس قائم کردی گئی ۔

ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ کسی بھی اہم شاہراہ کوبند کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

اب شارع فیصل پر گاڑی کھڑی کرنے والے ہوشیار ہوجائیں کیونکہ ٹریفک پولیس نے اس مرکزی شاہرہ کے لئے نئی فورس تشکیل دے دی ہے جس کا مقصد ٹریفک کی روانی بحال رکھنا ہوگا۔

ان اہل کاروں کے پاس لفٹر اور موٹروے پولیس کی طرز پر گاڑیاں بھی ہوں گی جو شارع فیصل پر گشت کریں گی اور خراب ہونے والی گاڑیوں کو فوری طور پر ہٹانے کی ذمے داری بھی ان ٹریفک اہل کاروں کی ہوگی۔

شارع فیصل پر تعینات ٹریفک پولیس اہل کاروں کے بیجز اور ٹوپیاں عام ٹریفک پولیس اہل کاروں سے جدا ہوں گی،ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل پر ہائی رائز بلڈنگز، اسکول اور شادی ہالز جب بن رہے تھے تو انتظامیہ کہاں تھی؟ اور اگر کوئی بھی شخص اہم شاہراہ کو بند کرتا ہے تو دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اگر شارع فیصل کا منصوبہ کامیاب رہا تو ایم اے جناح روڈ پر بھی اسی طرح علیحدہ سے ٹریفک پولیس اہل کار تعینات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :