18 ستمبر ، 2016
مقبوضہ کشمیر کے اڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملےکے نتیجے میں17فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے ۔ بھارتی میڈیا نے 17فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کردی ،تمام حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیاہے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے روس اورامریکا کا دورہ منسوخ کردیاہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیرکےعلاقے بارہ مولا کے اڑی سیکٹر میںمسلح افراد نے بریگیڈ ہیڈکوارٹرپر حملہ کیا، فائرنگ اور دھماکے کے باعث کئی بیرکوں میں آگ لگ گئی۔حملے میں 17 فوجی ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بریگیڈ ہیڈکوارٹرپر حملے کرنے والوں کی تعداد 4 ہے، کارروائی کے بعد تمام حملہ آوروں کو ماردیا گیا ہے۔
بھارتی فوجی ترجمان کے مطابق مسلح افراد نے سب سے پہلے انفنٹری بٹالین کے اڈے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کی، مسلح افراد اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ہیلی کاپٹروں کے ذریعے علاقے کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی۔
ادھر غیرملکی نیوز ایجنسیوں کے مطابق حملے میں 10 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور اڑی سیکٹرحملے کے بعد بھارتی وزیرداخلہ نے روس اور امریکا کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔