30 ستمبر ، 2016
مصر کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کے قافلے کو ایک خطرناک بم دھماکے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے ہیں۔
عربی ٹی وی کے مطابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل زکریا عبدالعزیز کا قافلہ مشرقی قاہرہ کی یاسمین کالونی سے گذررہا تھاکہ سڑک پر کھڑی ایک کار میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کارکے پرخچے اڑگئے۔
دھماکے کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا ہے تاہم یہ دھماکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کے قافلے کے گذرنے کے ایک منٹ بعد ہوا جس کے نتیجے میں وہ محفوظ رہے۔ مصر کے سیکیورٹی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اس میں خطرناک دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
غالب امکان ہے کہ یہ دھماکہ ٹی این ٹی نامی بارود سے کیا گیا جس کی مقدار ساڑھے تین کلو گرام بتائی جاتی ہے۔ دھماکہ خیز مواد ایک مسروقہ کار میں نصب کیا گیا تھا اور اس دھماکے کا ہدف اسسٹنٹ اٹارنی جنرل تھے۔