14 اکتوبر ، 2016
دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، اظہر علی اور اسد شفیق نے 279رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز آگے بڑھائی۔
دنیا کے دوسرے اور ایشین براعظم میں جاری پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹسمین ویسٹ انڈین بولرز کیلئے ڈرائونا خواب بن گئے۔ پہلے روز سمیع اسلم اور اظہر علی کی اوپننگ جوڑی نے ریکارڈ شراکت قائم کی۔
اظہرعلی نے اپنے کیریئر کے 50 ویں ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی، جو ان کے کیریئر کی 11ویں سنچری ہے۔نوجوان بیٹسمین سمیع اسلم بدقسمتی رہے اور 90 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں215 رنز بنائے جو دبئی میں اس وکٹ کیلئے سب بڑی پارٹنرشپ ہے۔
اظہر اور سمیع نے بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ویسٹ انڈین باؤلرز کا خوب امتحان لیا اور چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں 81 رنز کا اضافہ کیا جبکہ دوسرے سیشن میں بھی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ویسٹ انڈین بولرز کو وکٹ سے محروم رکھا۔ سمیع اسلم ویسٹ انڈین بولر روسٹن چیز کی گیند کو سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔
سمیع کے بعد اسد شفیق نے اظہر کی جگہ سنبھالی اور پر اعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے اسکور کر 279 رنز تک پہنچادیا۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر اظہر146جبکہ اسد شفیق33 رنزپر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کی واحد وکٹ چیس کے حصے میں آئی۔