15 اکتوبر ، 2016
الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیل جمع نہ کرانے والے 336 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سمیت معطل پارلیمنٹرینز کسی قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے پر ہی رکنیت بحال ہو گی۔
سینیٹ کے 22اور قومی اسمبلی کے 66 ارکان کی رکنیت معطل ہوگئی،پنجاب اسمبلی کے 137، سندھ اسمبلی کے 49، کے پی کے اسمبلی کے 49 اور بلوچستان اسمبلی کے 13 ارکان کی رکنیت بھی معطل ہوگئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، حکومتی وزراء طارق فضل چوہدری، سائرہ افضل تارڑ، خرم دستگیر،پیر امیرالحسنات کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
شیخ رشید احمد،طلال چوہدری، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی، سابق اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، خالد مقبول صدیقی، علی رضا عابدی، عارف علوی نے بھی اثاثہ جات کی تفصیل فراہم نہیں کی اور ان کی رکنیت بھی معطل ہو گئی ہے۔
سینیٹر سلیم ضیا، نہال ہاشمی، سعید غنی، بیرسٹر سیف، نسرین جلیل کی رکنیت بھی اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے تک معطل رہے گی۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں اور صوبائی اسمبلیز کے ایک ہزار 174 میں سے 336 ارکان نے اثاثوں کی تفصیل جمع نہیں کرائی،823 نے اپنے اور اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قو می و صوبائی اسمبلیوں کی 15 نشستیں خالی ہیں۔