21 جون ، 2012
اسلام آباد … مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم منتخب ہوا تو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل اور دیانت داری سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی کوششیں کروں گا، امید ہے جے یو آئی (ف) کے ساتھ اتحاد ہوجائیگا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت عظمیٰ کے امیدوار مسلم لیگ ن کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے اپنی تین نکاتی ترجیحات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم منتخب ہوا تو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرانا اولین ترجیح ہوگی جبکہ ہماری دوسری ترجیح دیانت داری سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہے، ان کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے ملکی معیشت تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ ملنے پر تیسری ترجیح مختصر وقت میں نئے الیکشن کی راہ ہموار کرنا ہے، قوم نئے الیکشن کیلئے تیار ہے۔ سردار مہتاب عباسی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کہہ دے تو ڈرون حملے بند ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے ساتھ اتحاد ہو جائے گا۔