پاکستان
21 جون ، 2012

وزارت عظمیٰ: مخدوم شہاب کا نام واپس، پرویز اشرف پی پی امیدوار ہونگے

وزارت عظمیٰ: مخدوم شہاب کا نام واپس، پرویز اشرف پی پی امیدوار ہونگے

اسلام آباد … وزارت عظمیٰ کے امیدوار مخدوم شہاب الدین کا نام واپس لے لیا گیا، راجہ پرویز اشرف پیپلزپارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے ایفیڈرین کوٹا کیس کے باعث مخدوم شہاب الدین کا نام وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی حیثیت سے واپس لے لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راجا پرویز اشرف پیپلزپارٹی کی جانب سے اب وزارت عظمیٰ کے امیدوا ہوں گے۔ جیو نیوز کے اینکر پرسن کامران خان نے بتایا ہے کہ انہیں انتہائی اہم اور باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مخدوم شہاب الدین کا نام وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی حیثیت سے واپس لے لیا گیا ہے اور اب راجا پرویز اشرف پیپلزپارٹی کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اتحادیوں کو راجا پرویز اشرف کا نام تجویز کریں گے جس کے بعد امید ہے کہ وہ کل وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے مخدوم شہاب الدین، راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے سردار مہتاب عباسی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار تھے۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کے کاغذات کی جانچ پڑتال میں اسپیکر کا کردار محدود ہوتا ہے۔

مزید خبریں :