پاکستان
30 اکتوبر ، 2016

رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے اسلحہ برآمد

 

  اسلام آبا دمیں بنی گالہ جانے کی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی گاڑی سےبڑی تعداد میں اسلحہ برآمدہوا ہے، علی امین فرارہونے میں کامیاب ہوگئے،پی ٹی آئی رہنما چودھری سرور کو بھی بنی گالہ جانے سے روک دیا گیا جبکہ شیریں مزاری مڈبھیڑ کے بعد نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔

پی ٹی آئی رہنما اور خیبرپختونخواکےوزیرریونیو علی امین گنڈا پوربنی گالا جانے کے لیے اسلام آباد پہنچے ، تاہم پولیس نے جانے کی اجازت دینے سے انکاردیا تھا اور ان کی گاڑی کی تلاشی لی ، جس کے دوران اسلحہ و دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق علی امین گنڈاپورکی گاڑی سے اے کے 47، ریپٹر، گولیاں، بلٹ پروف جیکٹ اور آنسوگیس فائر کرنے والی گن شامل ہے، گاڑی سے تیتر اور شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی ہے۔ امین گنڈا پور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے برآمد ہونے والی بلٹ پروف جیکٹ کے پی کے پولیس کی ہے۔دوسری جانب پولیس نے پاکستان چوک پر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی ہے۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما چودھری سرور کو بنی گالہ جانے سے روک دیا گیا تھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشدد کرکے پی ٹی آئی کی آواز کو دبایانہیں جاسکتا، اگرہم کارکن اکٹھے نہیں کرسکتے توکارکنوں کوکیوں روکاجارہا ہے۔

پولیس نے شیریں مزاری کو بھی بنی گالہ جانے سے روکا تھا جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔بعد ازاں وہ جانے میں کامیاب ہوگئیں۔

دریں اثنا ء چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں کارکنوں کی گرفتاریوں اور 2نومبر کو دھرنے سے متعلق لائحہ عمل غور کیا گیا۔اجلاس میں شاہ محمودقریشی ، شیریں مزاری ، نعیم الحق، فیصل واوڈ، علیم خان اور عمران اسماعیل سمیت مرکزی رہنما شریک تھے ۔

مزید خبریں :