30 اکتوبر ، 2016
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7نومبر تک ہمارے4 مطالبات پورے کیے جائیں، مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں قبل ازقت الیکشن مہم چلائیں گے۔ انہوں نے وزیر داخلہ چودھری نثار کے استعفے کا بھی مطالبہ کردیا۔
سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس صورتحال میں مٹھائی نہیں بانٹے گی۔ہمیں وزارت داخلہ ، ن لیگ اور شریفستان کی ضرورت نہیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو اپنی شہید والدہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ پر حملہ ہوا تواس وقت ن ليگ کا مطالبہ تھاکہ قائم علی شاہ مستعفی ہوں اور جب ہزارہ برادری کے لوگوں کو قتل کیا گیا تو ن لیگ والے کہتے تھے صدر زرداری استعفا دو،ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ استعفا دیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف بولنے کے لیے چودھری نثارکے پاس وقت ہے،وزیرداخلہ میرے،اعتزاز اور ایان کےخلاف پریس کانفرنس کرتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف بات کرنی ہوتووزیرداخلہ خاموش ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بدقسمتی ہےکہ وہ امپائرکی انگلی کے بغیرکوئی قدم نہیں اُٹھا سکتا، اس ملک میں جمہوریت ہی رہےگی۔ بلوچستان، پنجاب، سندھ، کےپی اورآزاد کشمیرکے پاس جمہورریت کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔