پاکستان
21 جون ، 2012

پشاور: ہزار خوانی میں مزار کے باہر دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

پشاور: ہزار خوانی میں مزار کے باہر دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

پشاور … پشاور کے علاقے ہزار خوانی میں مزار کے قریب زور دار دھماکے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہزار خوانی میں مزار کے باہر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک اطلاعات ملنے تک 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچوں بھی شامل ہیں۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے دھماکے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز شہر کے مختلف علاقوں میں سنی گئی، پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے دھماکے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد مزار کے باہر گدھا گاڑی میں نصب کیا گیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے سے مزار کے مرکزی دروازے اور دیوار کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب وہاں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔

مزید خبریں :