21 جون ، 2012
اسلام آباد … جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کیلئے ایم کیو ایم کی مدد چاہتا ہوں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور وزیراعظم کے انتخاب پر تبادلہ ٴ خیال کیا ہے، انہوں نے الطاف حسین کو مسلم لیگ ن اور ق لیگ سے ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ سیاسی انتشار کی صورتحال محاذ آرائی کی طرف جارہی ہے، ایسا نہ ہو کہ جمہوریت کو نقصان پہنچے اور کل کسی جنرل کو برداشت کرنا پڑے۔ اس سے قبل انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار کو بھی ٹیلی فون کیا اور ان سے وزارت عظمیٰ کیلئے مدد مانگی، دونوں رہنماوٴں کے درمیان قومی امور سمیت سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری نے بھی ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے آفتاب شیر پاوٴ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔