21 جون ، 2012
اسلام آباد … متحدہ قومی موومنٹ نے صدر زرداری کو وزیراعظم کیلئے نامزد پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔ اسلام آباد میں صدر زرداری سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی ہے، صدر سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر فاروق ستار، بابر غوری اور حیدر عباس رضوی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے وفد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیراعظم کیلئے صدر زرداری کی جانب سے نامزد امیدوار کی حمایت کریں گے اور پیپلزپارٹی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر سے ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے کراچی میں بدامنی، بھتا اور تاجروں کے اغواء اور قتل پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے وفد نے صدر زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں کارکنوں، ہمدردوں کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ متحدہ کے وفد نے صدر زرداری کو ثبوت پیش کئے جس کے مطابق لیاری کے جرائم پیشہ عناصر ایم کیو ایم کے کارکنوں کو قتل کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں کو بھتا خوروں سے نجات دلائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنماوٴں کا اجلاس کچھ دیر میں ہوگا۔