پاکستان
21 جون ، 2012

صدر زرداری کی سربراہی میں اتحادیوں کا اجلاس، وزیراعظم کے نام پر مشاورت

صدر زرداری کی سربراہی میں اتحادیوں کا اجلاس، وزیراعظم کے نام پر مشاورت

اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس شروع ہوگیا، وزیراعظم کے نام کیلئے حتمی منظوری پر مشاورت کی جارہی ہے۔ اسلام آباد میں ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس جاری ہے جس میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی، ڈاکٹر فاروق ستار، بابر خان غوری، افراسیاب خٹک، اسرار اللہ زہری، منیر خان اورکزئی ، خورشید شاہ، منظور وٹو، نوید قمر شریک ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کے نام کیلئے حتمی منظوری پر مشاورت کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئے وزیراعظم کیلئے راجا پرویز اشرف کے نام کی منظوری دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہو گیا ہے اور پیپلزپارٹی کی جانب سے مخدوم شہاب الدین، راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ ایفیڈرین کیس کے باعث مخدوم شہاب الدین کا نام وزیراعظم کے امیدواروں کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے سردار مہتاب عباسی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمان بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔

مزید خبریں :