15 نومبر ، 2016
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری 3میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز نے میزبان کینگروز کو اننگز اور 80 رنز سے شکست دے دی ہے۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالرکائل ایبٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے گئے ہیں۔
میچ کے چوتھے روز کینگروز ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 2 وکٹ اور 121 رنز سے دوبارہ شروع کی تو ان کی پوری ٹیم ابتدائی 24 اوورز کے کھیل میں 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کینگروز کی جانب سے عثمان خواجہ64، ڈیوڈ وارنر45 اور کپتان اسٹیو اسمتھ 31رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے، پروٹیز بولرز کے کائل ایبٹ نے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کاگیسو ربادا نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے پہلے میچ کے پہلے روز پروٹیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کینگروز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 85رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور فلینڈر نے 5 شکار کیے تھے۔
جواب میں پروٹیز نے 326رنز بنائےتھے، جس میں ڈی کوک نے سنچری اسکور کی اور ہیزل وڈ نے 6 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ میچ کا دوسرا دن بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا اور کھیل بالکل نہیں ہوسکا تھا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو میچ میں جیت کے ساتھ 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔انہوں نےسیریز کاپہلا ٹیسٹ پرتھ میں 177 رنز سے جیتا تھا۔
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں 24سے 28 نومبرتک کھیلا جائے گا۔