25 نومبر ، 2016
شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقوں پر صدر بشار الاسد کی وفادار فوج کی شدید بمباری کے نتیجے میں شہریوں اور بچوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے انسانی بحران کی سنگینی پر شدید تشویش ظاہر کردی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق حلب شہر کے باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر سرکاری فوج کی جانب کی جانے والی بمباری کے دوران زیادہ تر رہائشی مقامات کو ہدف بنایا گیا جس میں 137 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
شام میں 9 روز سے جاری فضائی حملوں میں حلب کے مشرقی علاقے میں 361 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار 210 زخمی ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا بین الاقوامی امدادی ادارے ریڈ کراس نے کہا ہے کہ دن بدن حلب میں محصور شہریوں کی حالت زار ابتر ہو رہی ہے، ساتھ ہی عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ مشرقی حلب میں پھنسے ہزاروں افراد کو فوری طور پر مدد پہنچائی جانا چاہیے۔