28 نومبر ، 2016
سیرئین آبزرویٹری کے مطابق شامی فورسز نے کامیاب پیش قدمی کرتے ہوئے مشرقی حلب کے شمالی محاذوں پر باغیوں کو مکمل طور پر پسپا کر دیا ہے۔
حلب کے اہم اضلاع الصاخور، شیخ خضر اور حیدریہ میں باغیوں کی پسپائی کی وجہ سے مشرقی حلب پر قابض باغی اب دو علاقوں میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ دوسری طرف کرد جنگجوؤں نے بھی پیش قدمی کی ہے اور شیخ فارس کے علاقے میں ان باغیوں کو مزید پیچھے دھکیل دیا ہے۔
کرد اگرچہ حکومت کے اتحادی نہیں ہیں لیکن باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ شامی دستوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ شامی میڈیا اور آبزرویٹری دونوں نے ہی کہا ہے کہ شامی فورسز نے حلب کا ایک تہائی علاقہ بازیاب کرا لیا ہے۔
شامی حکومت کے حامی ایک اخبار ’الوطن‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی حلب کی بازیابی کے آپریشن میں ملکی افواج بہت تیزی سے کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔