28 نومبر ، 2016
بھارت سے جہاں نوٹ بندی کا بحران نریندر مودی کے گلے کی ہڈی بن گیا، بھارت کی کئی ریاستوں میں ہڑتال اور احتجاج کیا گیا کاروبار بند کردیے گئے۔
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ کی سربراہی میں کولکتا میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے ، ممتا بینر جی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جئیں یا مریں لیکن مودی کو ہٹا کر رہیں گی ۔نئی دلی، پٹنہ، ممبئی اور چنائے میں بھی مودی سرکار کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرنسی بحران پر مودی سرکار کے خلاف احتجاج، ہڑتال اور شٹر ڈاون کا سلسلہ کئی ریاستوں تک پھیل گیا ہے، بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتیں ایک ہوگئیں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اجلاس نہیں چلنے دیے ۔
اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نریندر مودی کو پارلیمنٹ بلانے کا مطالبہ کردیا ۔اجلاس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے راہول گاندھی کی سربراہی میں پارلیمنٹ کے باہر شدید احتجاج کیا ۔نئی دلی، پٹنہ، ممبئی، حیدرآباد اور چنائے میں بھی مودی مخالف ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
ریاست بہار میں مشتعل افراد نے کئی ٹرینیں روک دیں اور سڑکیں بھی بند کردیں، جموں میں کانگریسی کارکنوں نے ریلیاں نکالتے ہوئے نوٹ بندی کے فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا۔
بھارتی ریاست گجرات میں بھی نوٹ بندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جبکہ ریاست کیرالا میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی جہاں صبح سے ہی کاروباری ادارے بند ہیں ۔