28 نومبر ، 2016
اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے فلسطینی صدر محمود عباس کو ٹیلی فون کرکے اسرائیلی شہروں میں خوفناک آگ بجھانے میں مدد دینے اور یہودیوں کو پناہ فراہم کرنے پر فلسطینی صدر اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
اسرائیلی شہر حیفا سمیت چاروں شہروں میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے اسی ہزار افراد بے گھر ہوئے، سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا، کئی ملکوں نے آگ بجھانے کی کارروائیوں میں حصہ لیا، جبکہ فلسطین نے بھی چار فائر ٹینڈر اور چالیس سے زائد رضا کار اسرائیل بھجوائے تھے ۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے بھی فلسطینی صدر اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی رضاکاروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر آگ بجھانے کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ اس واقعے سے امید کی کرن روشن ہوئی ہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان معاملات مختلف ہوسکتے ہیں ۔