30 نومبر ، 2016
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران 10ہزار سے زیادہ روہنگیا مسلمان میانمار سے فرار ہو کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور کئے گئے ہیں۔
اس بات کا انکشاف تھائی لینڈ کے دار الحکومت بنکاک میں اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کی ترجمان ویوین ٹان نے کیا ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ یہ ہزاروں پناہ گزین برمی فوج کے ظلم وستم سے بچنے کے لئے بنگلہ دیش فرار ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ میانمار کی مغربی ریاست راکان میں فوج کی جانب سے شروع کیے گئےکریک ڈاؤن کے دوران میانمار میں آباد روہنگیا مسلم اقلیت کے اندازاً تیس ہزار ارکان کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش نے اِن روہنگیا مسلمانوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے سرحد پر گشت بڑھا دی ہے۔ گزشتہ ہفتے بنگلہ دیشی حکومت نے کہا تھا کہ ہزاروں روہنگیا بنگلہ دیش میں داخل ہوچکے ہیں۔