02 دسمبر ، 2016
احمر رحمان...کراچی میں ڈینسو ہال ایم اے جناح روڈ پر کیمیکل گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، فائرٹینڈر کا پانی ختم ہوگیا، پانچ فائر ٹینڈرز ٹریفک جام میں پھنس گئے، تین گھنٹے بعد آگ بجھائی جا سکی دوفائر مین زخمی بھی ہوئے۔
ڈینسو ہال کراچی کے مصروف ترین کاروباری علاقوں میں سے ایک جہاں کیمیکل اور پلاسٹک کے گودام میں شام کے وقت اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔
آگ کیوں لگی یہ وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی تاہم یہ آگ اتنی شدید تھی کہ پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے پہلے ایک فائر ٹینڈر موقع پر بھیجا گیا مگر اس کا پانی کچھ ہی دیر میں ختم ہوگیا، آگ بجھانے کی کارروائی رُکی تو پسپا ہوتے ہوئے شعلے پھر آگے کو لپکے اور قریب ہی واقع نجی اسکول تک پہنچ گئے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے 5 مزید فائر ٹینڈر بھیجے گئے مگر وہ شدید ٹریفک جام میں پھنس گئے، فائر ٹینڈرز کی نئی کمک کسی نہ کسی طرح موقع پر پہنچی اور بالآخر تین گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے میں کیمیکل گودام کی موجودگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
آگ بجھانے کے دوران دو امدادی کارکن بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی ٹیموں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔