05 دسمبر ، 2016
برطانیہ میں ایک طالب علم نے آکسفورڈیونیورسٹی پر 10 لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے ،بھارت سے تعلق رکھنے والے طالب علم فیض صدیقی نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کے خراب اور غیردلچسپ طرز تعلیم کی وجہ سے وہ فرسٹ کلاس ڈگری حاصل نہیں کرسکا۔
لندن ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں طالب علم نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے سیکنڈ کلاس ڈگری دیے جانے کی وجہ سے وہ اچھے کریئر سے بھی محروم ہوگیا۔
طالب علم فیض صدیقی نے 2000ءمیں ماڈرن ہسٹری میں ڈگری حاصل کی تھی، کیس کا فیصلہ اسی ماہ سنائے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فیض صدیقی مقدمہ جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو آکسفورڈ اور دوسرے تعلیمی اداروں پر ہرجانے کا دعویٰ کرنے والوں کی لائن لگ جائے گی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم کو 16سال بعد کیوں یہ خیال آیا کہ اس کی ناکامی کی ذمے دار یونیورسٹی ہے۔