16 دسمبر ، 2016
راحیلہ الطاف...ہالی وڈ کی کامیڈی سے بھرپور اینیمیٹیڈ فلم سیریز ’ڈیسپی کیبل مِی‘ سلسلے کی نئی تھری ڈی اینیمیٹیڈ ایکشن ایڈونچر فلم ’ڈیسپی کیبل مِی3‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
2010اور 2013میں سنیما گھروں میں کھڑکی توڑ بزنس کرنیوالی بلاک بسٹر فلم سیریز ڈیسپی کیبل مِی سلسلے کی اس تیسری فلم کو پیری کوئفین اور کیئل بیلڈا نے مشترکہ طور پر ڈائریکٹ کیا ہے۔
فلم کی کہانی ایک بار پھر گرو (Gru)نامی کردار کے گِرد گھوم رہی ہے، جو قیمتی ہیرے چوری کرنیوالے انوکھے چور کو پکڑنے کیلئے اس کا پیچھا کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
ببل گم کے ذریعے چوری کرنیوالے ڈانسنگ کے شوقین اس چور کو پکڑنے کی کوشش میں گروو کو نہ صرف انوکھے چیلنجیز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بلکہ اس دوران اسے اپنا برسوں پہلے کھویا ہوا بھائی ڈرو(Dru)بھی مل جاتا ہے، جس میں اسے مینیزز کی بھی مدد حاصل ہوتی ہے۔
کرس میلن اور جینیٹ ہیلے کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کے دلچسپ اینیمیٹیڈ کرداروں کے ڈائیلاگ ہالی وڈ کے نامور اداکار اسٹیو کیرل، کرسٹن ویگ، ٹیری پارکر، مرینڈا کوسگروو، رسل برینڈ اور مائیکل بیٹیے کی آوزوں میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
الیمینیشن انٹرٹینمنٹ کی تیار کردہ مینینزز اور گروو سمیت دیگر کئی دلچسپ کرداروں پر مبنی یہ کمپیوٹر تھری دی اینیمیٹیڈ کامیڈی فلم آئندہ سال 30جون کو یونیورسل پکچرز کے تحت سنیما گھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے۔