17 دسمبر ، 2016
کرنسی اسمگلنگ کیس کی ملزمہ ایان علی راولپنڈی کی کسٹم عدالت پہنچیں مگر جج کی رخصت کے باعث ایک بار پھر لمبی تاریخ دے دی گئی۔
ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ میں مقدمہ خارج کرنے کے حوالے سے رجوع کیا ہے جب تک فیصلہ آ نہیں جاتا کسٹم عدالت کارروائی نہیں کر سکتی ۔
ماڈل ایان ایک بار پھر راولپنڈی کی عدالت میں پہنچیں،کسٹم عدالت کے جج شیراز کیانی کی رخصت کے باعث ماڈل گرل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد کی عدالت میںپیش ہوئیں ،ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ بھی ایان کے ہمراہ تھے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ مقدمہ فوج داری نہیں ،بے بنیاد مقدمے کے اخراج کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک کسٹم عدالت کسی قسم کی کارروائی نہیں کر سکتی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد کی عدالت میں پیشی کے بعد بغیر کسی مزید کارروائی کے مقدمے کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ۔