17 دسمبر ، 2016
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور مثبت کاروباری ہفتے کا اختتام ہوگیا، 100 انڈیکس 1197 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
پیر کو عیدمیلادالنبیؐ کی چھٹی کے بعد کاروبار کا آغاز منگل سے ہوا اور باقی 4روز میں 1197 پوائنٹس اضافے سے کاروبار کا اختتام 46 ہزار 584 پرکیا۔
انڈیکس کی بلند ترین سطح 46 ہزار 663 جبکہ کم ترین سطح 45 ہزار 387 رہی،مجموعی طور پر 79 ارب 64 کروڑ روپے مالیت کے 1 ارب 43 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔
کاروباری ہفتے کے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 205 ارب روپے اضافے سے9332 ارب روپے رہی ۔
ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 4 کروڑ 68 لاکھ ڈالر ماکیت کے شیئرز فروخت کئے،اس لئے تیزی کا سبب مقامی سرمایہ کار بنے ۔
معاشی تجزیہ نگار مزمل اسلم کے مطابق مارکیٹ میں سرمائے کی فروانی ہے۔ جس کی وجہ سے انڈیکس 11روز سے مسلسل مثبت زون میں بند ہورہا ہے۔ اور اس دوران 3823 پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے۔