21 دسمبر ، 2016
کامران رضی...پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب مجھے میری ماں کی شہادت پر انصاف نہیں ملا تو عام لوگوں کو کیسے انصاف ملے گا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان میں رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کی جانب سے غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین مسائل کا سامنا کر رہا ہے،قوانین کی تبدیلی کے باوجود ان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل کا جواز پیش کرنا افسوسناک ہے، خواتین پر تشدد کے خلاف قانون سخت اور سزا کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیرت کے نام پر صرف دیہی علاقوںمیں نہیں بلکہ شہروں میں بھی عورتوں کا قتل کیا جا رہا ہے، عورتوں پر تشدد اور قتل کا غیرت سے کوئی تعلق نہیں،ہم قانون تو تبدیل کرتے رہتے ہیں مگر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو، پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختار اور ملالہ یوسف زئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت بھی ہیں اور بہادر بھی۔
ا نہوں نے ترقی یافتہ پاکستان کےلیے خواتین کی شراکت کو نا گزیر قرار دیا۔
تقریب سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، زہرا یوسف، نور الہدیٰ شاہ، امینہ سید اور ڈاکٹر آصف اسلم فرخی نے بھی خطاب کیا۔